ڈیفنس کراچی میں دورانِ مجلس افسوسناک واقعہ، خواتین و بچوں سمیت کئی افراد زخمی
رپورٹ: نوائے نصرت ڈیسک
کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز فائیو میں واقع مسجد و امام بارگاہ بقیتہ اللہ کے باہر دورانِ مجلس ایک تیز رفتار سوزوکی وین سڑک پر بیٹھی خواتین اور بچوں سمیت عزاداروں کے ہجوم میں جا گھسی، جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
عینی شاہدین کے مطابق حادثے کے وقت مجلس جاری تھی اور خواتین و بچے سڑک کے کنارے موجود تھے کہ اچانک ایک سوزوکی وین تیز رفتاری سے مجمع میں داخل ہوگئی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جبکہ بعض ذرائع دو بچوں کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات دے رہے ہیں، تاہم اس کی سرکاری تصدیق تاحال سامنے نہیں آئی۔
پولیس نے فوری طور پر جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر کارروائی شروع کردی اور ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔ سوشل میڈیا اور مقامی ذرائع میں یہ دعویٰ بھی کیا جارہا ہے کہ گاڑی میں تین افراد سوار تھے اور مشتعل افراد نے دو افراد کو موقع پر تشدد کا نشانہ بنایا، تاہم پولیس کی جانب سے واقعے کی مکمل تفصیلات اور محرکات کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔
واقعے کے بعد علاقے میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے جبکہ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے سی سی ٹی وی فوٹیجز اور دیگر شواہد کی مدد سے واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے رہے ہیں۔
مزید تفصیلات اور سرکاری مؤقف سامنے آنے پر خبر کو اپ ڈیٹ کیا جائے گا۔

Leave a Reply