رپورٹ: نوائے نصرت (ڈیسک نیوز)
رہبرِ شہیدِ انقلاب کی عظیم الشان تشییع کے موقع پر ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ ایران کے شہداء کے قاتل، خصوصاً اس جرم کے ذمہ دار عناصر، اپنے اعمال کی سزا ضرور پائیں گے اور ظلم کا انجام یقینی ہے۔
قالیباف نے کہا کہ رہبرِ شہید کی جدائی کے غم کے باوجود ایرانی عوام نے اتحاد، بصیرت اور مزاحمت کی ایک نئی مثال قائم کی، جس سے انقلاب اسلامی کی مضبوطی اور عالمِ اسلام کی کامیابی کی راہ مزید روشن ہوئی۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ گزشتہ برسوں کی طرح عوام نے مسلسل امریکہ اور اسرائیل کے خلاف اپنے مؤقف اور شہداء کے خون سے وفاداری کا اظہار کیا، جبکہ ایران کے دفاع، قومی وحدت، سفارت کاری، عوامی خدمت اور اصولی جدوجہد کو آئندہ بھی جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
قالیباف نے کہا کہ ایرانی قوم نے مکتبِ امام حسینؑ سے مزاحمت، استقامت اور قربانی کا درس حاصل کیا ہے، اور یہی جذبہ اسلامی جمہوریہ ایران کی طاقت اور استحکام کی بنیاد ہے۔ انہوں نے ذمہ داران پر زور دیا کہ وہ رہبرِ معظم کی ہدایات کے مطابق عوامی خدمت، معاشی بہتری اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے پہلے سے زیادہ مؤثر کردار ادا کریں۔

Leave a Reply