ایران نے خامنہ ای کی تشییعِ جنازہ کا شیڈول جاری کر دیا، امریکہ و اسرائیل کو خبردار

ایران نے خامنہ ای کی تشییعِ جنازہ کا شیڈول جاری کر دیا، امریکہ و اسرائیل کو خبردار

نوائے نصرت | خصوصی وضاحت
ایران کے ایک اعلیٰ فوجی کمانڈر نے امریکہ اور اسرائیل کو ایران کے خلاف کسی بھی قسم کی فوجی کارروائی سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک رہبرِ انقلاب آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای کی سرکاری تشییعِ جنازہ کی تیاری کر رہا ہے، جو رائٹرز کے مطابق جنگ کے پہلے روز ہونے والے فضائی حملوں میں شہید ہوئے تھے۔

خاتم الانبیاء مرکزی ہیڈکوارٹر کے کمانڈر علی عبداللہی نے سرکاری میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے دشمن، بالخصوص امریکہ اور صہیونی حکومت (اسرائیل)، کسی بھی غلط اندازے سے گریز کریں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ایران کے خلاف کسی بھی دھمکی یا جارحیت کی صورت میں ایرانی مسلح افواج سخت، فوری اور فیصلہ کن جواب دیں گی۔

رائٹرز کے مطابق رہبرِ انقلاب کی تشییعِ جنازہ کی تقریبات 4 جولائی سے تہران میں شروع ہوں گی، جبکہ 9 جولائی کو ان کے آبائی شہر مشہد میں تدفین کے ساتھ اختتام پذیر ہوں گی۔ اس دوران قم اور عراق میں بھی تعزیتی اور یادگاری تقریبات منعقد کی جائیں گی۔

ادھر بدھ کے روز ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے بھی خبردار کیا کہ ایرانی عوام یا ملکی قیادت کے خلاف کسی بھی قسم کی دھمکی یا جارحیت کی صورت میں تہران فوری اور بھرپور ردِعمل دے گا۔ یہ بیان اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز کے اس بیان کے بعد سامنے آیا، جس میں انہوں نے موجودہ ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کے بارے میں کہا تھا کہ وہ “نشانے پر ہیں”۔

ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق تشییعِ جنازہ کے دوران ملک بھر میں غیرمعمولی سیکیورٹی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ ایران کی سول ایوی ایشن آرگنائزیشن کے سربراہ نے بھی اعلان کیا ہے کہ تہران، مشہد اور دیگر متعدد شہروں کی فضائی حدود پر عارضی پابندیاں نافذ کی جائیں گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.