تہران میں رہبرِ شہیدِ انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی حسینی خامنہ ای کو آخری خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے وداعی مراسم کا سلسلہ جاری ہے۔ پیکرِ مطہر کو آخری دیدار کے لیے حسینیۂ امام خمینیؒ منتقل کیا گیا جہاں عقیدت مندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کرتے ہوئے اپنے جذبات اور عقیدت کا اظہار کیا۔
وداعی تقریب کے دوران حضرت امام حسینؑ کے روضۂ اقدس کا مقدس پرچم رہبرِ شہید کے پیکرِ مطہر پر اوڑھایا گیا، جس سے تقریب کی روحانی اور جذباتی کیفیت مزید نمایاں ہو گئی۔ اس منظر نے شرکاء کے دلوں پر گہرا اثر چھوڑا اور سوگ کی فضا مزید رقت آمیز بن گئی۔
اس موقع پر سپاہِ پاسدارانِ انقلاب اسلامی کے اعلیٰ عہدیداران سمیت مختلف سیاسی، مذہبی اور سماجی شخصیات بھی شریک ہوئیں۔ سپاہِ پاسدارانِ انقلاب اسلامی کے کمانڈر میجر جنرل وحیدی نے بھی رہبرِ شہید کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
رہبرِ شہید کی حفاظت پر مامور محافظین نے اس مرتبہ انہی کے پیکرِ مطہر کو حسینیۂ امام خمینیؒ منتقل کیا، جہاں ہزاروں سوگواروں نے انتہائی غم اور احترام کے ساتھ آخری دیدار کیا۔
دوسری جانب مصلیٰ تہران میں عظیم الشان تشییعی مراسم کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، جہاں لاکھوں افراد کی شرکت متوقع ہے۔ یہ تاریخی اجتماع عالمی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے اور مختلف ممالک کے وفود اور میڈیا نمائندگان بھی اس کی کوریج کے لیے تہران پہنچ رہے ہیں۔

Leave a Reply